کراچی: لائف انشورنس اور فیملی تکافل میں ایک نمایاں ادارے کی حیثیت سے EFU لائف نے ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری اور ڈائگنوسٹک سینٹر کے ساتھ ایک نئی شراکت داری کا آغاز کیا ہے تاکہ صحت تک رسائی میں بہتری اورفلاح و بہبود کی ترویج کے نئے اقدامات کو فروغ دیا جا سکے۔ یہ باہمی اشتراک EFU لائف کی حالیہ کامیابیوں کےلئے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جن میں mHealth ایپ کا افتتاح ، ہیلتھ انشورنس میں توسیع اور اس کی فلاحی برانڈ 'WIN' کا افتتاح بھی شامل ہے۔ دونوں ادارے اپنی مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے مختلف طبقات کے لیے قابل رسائی اور کم خرچ ہیلتھ کیئر کی خدمات فراہم کرنے کےلئے پُر عزم ہیں تاکہ بڑے سرمایہ کاروں کے ساتھ چھوٹے کاروباری طبقات بھی اس سے بھر پور استفادہ حاصل کر سکیں۔
یہ اشتراک EFU لائف کی صحت مند اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے عزم کی بھر پور عکاسی کرتا ہے، جہاں صحت اور فلاحی خدمات کو مالی تحفظ کے ساتھ یکجا کیا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے EFU لائف کے سی ای او (CEO)محمد علی احمد نے اقوام متحدہ کے مستحکم ترقیاتی اہداف سے ہم آہنگی کا ذکر کیا اور ہیلتھ کیئر تک رسائی کو بڑھانے میں ٹیکنالوجی اور ورچوئل ہیلتھ کیئر کے کردار پر زور دیا۔عیسیٰ لیب کےسی ای او(CEO) ڈاکٹر فرحان عبداللہ عیسیٰ نے بھی ان خیالات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اس شراکت کے ذریعے دونوں ادارے زیادہ افراد تک رسائی حاصل کر کے کم خرچ ہیلتھ کیئر کی سہولیات فراہم کرسکیں گے، جس سے پاکستانی شہریوں کی زندگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ اس سلسلے میں تقریب ِدستخط EFU لائف کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی، جس میں دونوں اداروں کے سینئر عہدیداران نے شرکت کی۔